بھٹکل 2 نومبر (ایس او نیوز) ہانگل میں ہوئے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی جیت پر منگل شام کو بھٹکل شمس الدین سرکل پر کانگریس کارکنوں نے پٹاخے پھوڑتے ہوئے جشن منایا ۔ کانگریس پارٹی کی جیت پر گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل بلاک کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ سنتوش نائک نے بتایا کہ سندھگی میں پیسوں کے بل پر بی جےپی جیت درج کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، مگر ہانگل میں بی جے پی کا داو نہیں چل سکا ۔ سنتوش نائک نے بتایا کہ بی جے پی ہرمحاذ پر ناکام ہوچکی ہے، پٹرول، ڈیزل، گیس سمیت دیگر ضروری چیزوں کے دام اسمان کو چھورہے ہیں، غریب لوگ پریشان ہیں، عوام کے پاس روزگار نہیں ہیں، کمزوروں ، اقلیتوں اور خواتین پر حملے ہورہے ہیں، ظلم و بربریت بڑھتی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام بی جے پی سے بے زار ہوچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہانگل میں عوام نے کانگریس کو جیت دلاکر ظاہر کردیا ہے کہ آگے بھی بی جے پی کی دال گلنے والی نہیں ہے۔
سرکل پر کانگریس کارکنوں نے کانگریس کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر کانگریس کے عبدالمجید، مہابلیشور نائک، محمدصادق مٹا، عبدالروف نائطے،شیورام نائک، وشنو دیواڑیگا وغیرہ موجود تھے۔